لاہور میں کارخانے کی چھت گرنے سے قیمتی جانوں کا ضیاع

لاہور میں ایک کارخانے کی عمارت گرنے سے کم از کم دس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
یہ واقعہ بدھ کو شہر کے صنعتی علاقے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں پیش آیا ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی اداروں کے ارکان جائے وقوع پر پہنچ گئے۔
حکام نے اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
جس وقت یہ حادثہ پیش آیا اس وقت عمارت میں کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جن میں سے کافی اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
اب تک ملبے سے دس لاشیں اور 37 زخمیوں کو نکالا جا چکا ہے اور باقی افراد کو نکالنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینری طلب کر لی گئی ہے اور اس دوران مقامی افراد بھی ریسکیو کے عملے کے ہمراہ اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹا رہے ہیں۔
ابتدائی طور پر تین منزلہ عمارت کی چھت گری جس کے کچھ دیر بعد ساری عمارت ہی منہدم ہوگئی۔
ریسکیو کے اہلکار کا کہنا ہے کہ مذکورہ عمارت میں شاپنگ بیگ بنانے کا کارخانہ قائم تھا اور حال ہی میں آنے والے زلزلے سے اسے جزوی نقصان بھی پہنچا تھا۔
لاہور میں ماضی میں بھی بوسیدہ رہائشی اور صنعتی عمارتوں کے انہدام کے واقعات میں درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اس سے پہلے بھی لاہور کے گنجان آباد علاقے ملتان روڈ پر ایک کارخانے کی عمارت منہدم ہونے سے 21 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ گذشتہ برس دروغہ والا کے علاقے میں دورانِ نماز ایک مسجد کی چھت گرنے سے 22 نمازی شہید ہو گئے تھے ۔

image

گرنے والی عمارت کا منظر

اپنا تبصرہ بھیجیں