کمالیہ ( ایڈیٹر نئی آواز ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ) جہاد بالقلم پاکستان کے نائب صدر محمد سعید انجم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ پر یہودیوں کا قبضہ مسلمانوں کے ڈوب مرنے کامقام ہے۔ نہتے مسلمانوں پر بربریت اس صدی کا بہت بڑا سانحہ ہے۔ فلسطین کے مسلمانوں کی نسل کشی پر ستاون مسلمان ممالک کی مجرنامہ خاموشی باعث شرم ہے۔ یہودیوں کی طرف سے مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا جا رہا ہے جبکہ مسلمان اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں۔ ان حالات میں قرآن جہاد کا حکم دیتا ہے۔ قرآن مظلوم مسلمانوں کی مدد کے لیے کافروں کا مقابلہ کرنے کا حکم دیتا ہے۔ لیکن آج کے مسلمان قرآنی احکامات کو یکسر فراموش کر کے مظلوم مسلمانوں کی طرف سے آنکھیں بند کر کے مجرمانہ خاموش ہیں۔ ان کی یہ خاموشی ان کی اپنی تباہی و بربادی کا سبب بنے گی۔ آج فلسطین کے نہتے مسلمان تباہ کن ہتھیاروں سے شہید ہو رہے ہیں تو کل ان خاموش رہنے والے مسلمانوں کی باری ہے۔ آج فلسطین کی مائیں بہنیں مدد کے لیے مسلمانوں کو پکار رہی ہیں لیکن کوئی ان کی مدد کے لیے تیار نہیں ہے۔ یہ مکافات عمل ہے کہ کل انہی خاموش مسلمانوں پر بھی یہی وقت آسکتا ہے تب ان کی چیخ و پکار پر بھی کوئی نہیں آئے گا۔ فلسطین پر ظلم و ستم دنیا کی سب سے بڑی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انسانی حقوق کی نام نہاد تنظمیں اب کہاں سوئی ہوئی ہیں۔ کفار کے بوٹ چاٹنے والے حکمران کسی طور اللہ کے عذاب سے نہیں بچ سکیں گے۔


