آزاد ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام پُروقار ایوارڈ سرمنی کا انعقاد، بانی NUJ محمد احسان مغل کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت

مہمانانِ گرامی میں نجیب اللہ خان، منظور حسین، افہام الٰہی عثمانی اور ساجد سبزواری، سید مبین الاسلام شاہ، بلال مغل، رانا گوہر سمیت دیگر شامل

لاہور (ایڈیٹر نئی آواز ۔ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ) تفصیلات کے مطابق آزاد ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام پُروقار ایوارڈ سرمنی کا انعقاد کیا گیا، جس میں اُن رضاکاروں اور خون عطیہ کرنے والوں کو تعریفی اسناد پیش کی گئیں جنہوں نے حال ہی میں منعقدہ بلڈ کیمپ میں تھلیسیمیا کے معصوم بچوں کے لیے جذبۂ انسانیت کے تحت خون کا عطیہ دیا۔ تقریب میں بانی و مرکزی چیئرمین نیشنل یونین آف جرنلسٹس محمد احسان مغل نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ دیگر معزز مہمانانِ گرامی میں نجیب اللہ خان، منظور حسین، افہام الٰہی عثمانی اور ساجد سبزواری، سید مبین الاسلام شاہ، بلال مغل، رانا گوہر سمیت دیگر شامل تھے، شرکاء نے نوجوانوں کی فلاحی خدمات کو خوب سراہا۔ اس کے علاوہ حاجی افضل ویلفیئر فاؤنڈیشن کی نمائندگی کرتے ہوئے یاسر افضل نے بھی خصوصی شرکت کی، تقریب میں آزاد سٹوڈنٹ فیڈریشن کی ٹیم نے بھی بھرپور شرکت کی، تنظیم کے چیئرمین کاشف آزاد، حزیفہ کھوکھر اور عزیر دادا نے بھی تقریب کی رونق بڑھائی۔ نوجوانوں، سماجی کارکنوں اور خون عطیہ کرنے والے افراد کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر بانی نیشنل یونین آف جرنلسٹس محمد احسان مغل نے خطاب کرتے ہوئے بانی آزاد ویلفیئر فاؤنڈیشن حافظ بلاول کی خدمات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کا مستقبل ہیں، آپ سے ہماری بے شمار اُمیدیں وابستہ ہیں، مجھے یقین ہے کہ آپ حافظ بلاول کی قیادت میں خدمتِ خلق کے اس مشن کو مزید جوش و جذبے سے جاری رکھیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ آزاد ویلفیئر فاؤنڈیشن کو جہاں بھی ہماری ضرورت محسوس ہوگی، ہم ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے، دکھی انسانیت کی خدمت ایک عظیم مشن ہے اور اس میں شامل ہر فرد قابلِ فخر ہے، ہماری دُعا ہے کہ یہ جذبہ دن بدن بڑھے اور یہ کارواں اسی عزم و ہمت کے ساتھ آگے بڑھتا رہے، بانی آزاد ویلفیئر فاؤنڈیشن حافظ بلاول نے اپنے خطاب میں کہا کہ “خون کا عطیہ دراصل زندگی کا تحفہ ہے”، اور تمام شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ مزید انہوں نے آئندہ مزید بلڈ ڈونیشن کیمپ اور فلاحی منصوبوں کے انعقاد کا بھی اعلان کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں