کراچی میں 4th لائرز لیجنڈز کرکٹ ٹورنامنٹ، کراچی بار ایسوسی ایشن کی ٹیم فاتح قرار

قائم مقام چیف جسٹس ظفر احمد راجپوت اور جسٹس جواد اکبر سروانہ کی شرکت، وکلاء کی بڑی تعداد نے ایونٹ کو سپورٹ کیا

کراچی (اسپورٹس رپورٹر ) ہر سال کی طرح اس سال بھی چوتھا لائرز لیجنڈز کرکٹ ٹورنامنٹ 2025 این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں منعقد ہوا، جس میں سندھ اور دیگر شہروں کی بار ایسوسی ایشنز کے وکلاء نے بھرپور شرکت کی۔

ٹورنامنٹ میں سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کراچی، حیدرآباد ہائی کورٹ بار، جامشورو ڈسٹرکٹ بار، کراچی بار ایسوسی ایشن، سی ایس پی او، سی بی ایل اے ڈسٹرکٹ بار حیدرآباد سمیت دیگر وکلاء نے حصہ لیا۔ ایونٹ کے آرگنائزر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ محمد اسحاق علی تھے۔ تمام میچز ناک آؤٹ کی بنیاد پر کھیلے گئے۔

فائنل میں کراچی بار ایسوسی ایشن لائرز نے سی بی ایل اے لائرز کو 10 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ اپنے نام کیا۔ فاتح ٹیم نے 142 رنز اسکور کیے جس کے جواب میں حریف ٹیم مقررہ ہدف تک نہ پہنچ سکی۔

ٹورنامنٹ کے مہمانِ خصوصی قائم مقام چیف جسٹس سندھ جسٹس ظفر احمد راجپوت اور جسٹس جواد اکبر سروانہ تھے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس صحت مندانہ سرگرمی کے انعقاد پر محمد اسحاق علی ایڈووکیٹ کو مبارکباد دی۔ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے اپنے خطاب میں کہا کہ وکلاء کے درمیان اس نوعیت کی تقریبات خوش آئند ہیں اور یہ لیگل کمیونٹی میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیتی ہیں۔

تقریب میں سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر، کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر و جنرل سیکریٹری، سندھ بار کونسل کے اراکین سمیت وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے ٹیموں کو سپورٹ کیا۔ آخر میں کھلاڑیوں کو انعامات دیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں