خالد احمد خان مرحوم کی فیملی کا نظریاتی سفر آج بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ۔
محمد امجد رانا کی سابق امیدوار قومی اسمبلی حیدر علی خان کھرل سے ملاقات۔
کمالیہ (ایڈیٹر نئی آواز ۔ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ) گزشتہ دنوں محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر کمالیہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام تعزیتی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب کی صدارت سابق امیدوار صوبائی اسمبلی پاکستان پیپلز پارٹی محمد فاروق سیماب کر رہے تھے جبکہ پیر محمد یوسف بخاری نمایاں اور بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان اور رہنماوں نے شرکت کی۔ تقریب کے سٹیج سیکرٹری محمد سلیم حسن تھے، جنہوں نے نہ صرف انتظامات سنبھالے بلکہ تمام پروگرام کا کنٹرول بھی انہی کے ہاتھ میں رہا۔ تقریب کے آغاز میں انہوں نے مائیک پر اعلان کیا کہ سابق امیدوار قومی اسمبلی حیدر علی خان کھرل اور ان کے صاحبزادے کمال علی خان کھرل کو خوش آمدید کہا جائے۔ اعلان سنتے ہی کارکنان نے ان کا دل کھول کر استقبال کیا اور ان کے چہروں پر خوشی اور مسرت کے تاثرات نمایاں ہو گئے۔ بطور علاقائی صحافی محمد امجد رانا نے بھی اس لمحے کو نوٹ کیا کہ یہ خاندان اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے قریبی مراسم کی وجہ سے ہمیشہ سیاسی اور سماجی سطح پر نمایاں رہا ہے۔ اس موقع پر آصف علی زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی، کی ایک بات یاد دلائی جب وہ مرحوم خالد احمد خان کی فاتحہ خوانی کے دوران کمالیہ تشریف لائے اور انہوں نے جہاں حیدر علی خان کھرل کو دلاسہ دیا وہاں انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر پاکستان پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے اپنی سیاست جاری رکھنا چاہیں تو پارٹی کے دروازے ہمیشہ ان کے لیے کھلے ہیں۔ ستائیس دسمبر، محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی شہادت کا دن، خالد احمد خان کھرل کے گھر قرآن خوانی اور دعائے مغفرت کی روایت کے ساتھ منایا جاتا رہا ہے۔ اس بار بھی انہوں نے برسی کی تقریب میں شرکت کر کے واضح کیا کہ وہ آج بھی محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کو اپنی دعاوں میں ہمیشہ کی طرح یاد رکھتے ہیں۔ سیاسی لحاظ سے بھی یہ خاندان ہمیشہ پاکستان پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے جڑا رہا ہے۔ کمالیہ اور پیرمحل کے کارکنان انہیں علاقہ میں پارٹی کی قیادت کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ آئندہ انتخابات یا اس سے قبل کے سیاسی فیصلوں کا اختیار خالد احمد خان مرحوم کی فیملی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس ہے، پر اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ یہ خاندان نظریاتی طور پر ہمیشہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے۔ بطورِ صحافی محمد امجد رانا نے آج بھی یہی تجزیہ کیا کہ خالد احمد خان مرحوم کی فیملی کی پہچان پاکستان پیپلز پارٹی تھی اور آج بھی قائم ہے۔ لیکن اب انہیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ اگر وہ اپنا کامیاب مستقبل چاہتے ہیں تو انہیں دوبارہ عوام میں جانا ہوگا کیونکہ ابھی بھی انکے لئے بہت جگہ باقی ہے۔


