مقامی کبابش ریسٹورنٹ مالک بے نقاب، ملازمین کا احتجاج، اعلیٰ حکام سے نوٹس لے کر قانونی کارروائی کا مطالبہ
عبدالحکیم (سٹی رپورٹر) تفصیلات کے مطابق عبدالحکیم میں مزدور استحصال کی ایک اور لرزہ خیز داستان سامنے آ گئی ہے جہاں ایک مقامی کبابش مارکی اینڈ میرج ہال کے مالک نے دو ماہ سے ملازمین کو تنخواہوں سے محروم کر رکھا ہے۔ جب محنت کشوں نے اپنے جائز حق کا مطالبہ کیا تو انہیں نہ صرف دھونس اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا بلکہ ملازمین کے مطابق انہیں کھانے میں ملاوٹ جیسے گھناؤنے اور غیر قانونی کام پر مجبور کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے ضمیر اور عوامی صحت کے تحفظ کو ترجیح دیتے ہوئے ملاوٹ سے انکار کیا تو ریسٹورنٹ مالک سیخ پا ہو گیا اور انہیں نوکری سے نکالنے، جھوٹے مقدمات میں پھنسانے اور جان سے مارنے تک کی دھمکیاں دی گئیں۔ متاثرہ ملازمین کے مطابق یہ رویہ نہ صرف غیر انسانی ہے بلکہ کھلی قانون شکنی بھی ہے۔ احتجاج کے دوران ملازمین کی آوازیں درد اور غصےّ سے لرز رہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہمارے بچےّ بھوکے مر رہے ہیں، گھروں میں فاقے ہیں، مگر ریسٹورنٹ مالک کے دل پر کوئی اثر نہیں انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر محنت کش کا قصور کیا ہے؟ کیا ایمانداری جرم بن چکی ہے؟ملازمین نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور ڈپٹی کمشنر خانیوال سے فوری نوٹس لینے کا پُرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بقایا تنخواہیں فوری دلوا کر ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر انصاف نہ ملا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ یہ واقعہ انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔ اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا ریاست مظلوم محنت کشوں کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے یا طاقتوروں کو ایک بار پھر کھلی چھوٹ دے دی جاتی ہے۔


