افغانستان میں موجود دہشت گرد عناصر کے خلاف پاک فوج کی جانب سے کی گئی زمینی و فضائی کارروائی کی بھرپور حمایت اور تائید کا اعلان
کراچی (ایڈیٹر نئی آواز ڈاکٹر غلام مرتضیٰ) رانا راجپوت برادری کمیٹی (RBC) پوری قوم کی نمائندگی کرتے ہوئے افغانستان میں موجود دہشت گرد عناصر کے خلاف پاک فوج کی جانب سے کی گئی زمینی و فضائی کارروائی کی بھرپور حمایت اور تائید کا اعلان کرتی ہے۔ یہ اقدام اس عزم کا واضح اظہار ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج قومی سلامتی، خودمختاری اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر مؤثر اور بروقت اقدامات کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ہندوستان کے ایما پر افغانستان میں پناہ لینے والے دہشت گرد گروہ عرصہ دراز سے پاکستان میں بے گناہ شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔ متعدد بار تنبیہات اور شواہد فراہم کیے جانے کے باوجود جب دہشت گردی کا سلسلہ نہ رکا تو پاک فوج کی جانب سے کیا گیا یہ جوابی اقدام نہ صرف جائز بلکہ بروقت اور ناگزیر تھا۔ ہم رانا راجپوت برادری کمیٹی (RBC) کے تمام اراکین، واضح الفاظ میں اعلان کرتے ہیں کہ ہمیں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔ عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے ہر موقع پر مادرِ وطن کے دفاع میں غیر معمولی عزم اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے کی گئی یہ کارروائی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ رانا راجپوت برادری پاک فوج کی عسکری حکمت عملی اور قومی مفاد پر مبنی فیصلوں کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ ہم اپنے تمام وسائل اور صلاحیتوں کے ساتھ اس قومی جدوجہد میں فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ وقت آنے پر رانا راجپوت برادری کے نوجوان وطن کے دفاع کے لیے ہر اول دستے میں شامل ہونے اور ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ ہماری تاریخ قربانیوں سے روشن ہے اور وطنِ عزیز کی خاطر کسی بھی ایثار سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ ہم ان تمام اندرونی و بیرونی عناصر کو خبردار کرتے ہیں کہ پاکستان کی سرزمین پر میلی آنکھ ڈالنے والے ہر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ پاک فوج اور پوری قوم اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت اور عزم رکھتی ہے۔ رانا راجپوت برادری کمیٹی (RBC) اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ہم پاک فوج کی اس بہادرانہ کارروائی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے جوانوں کو اپنی حفظ و امان میں رکھے اور پاکستان کو ہر قسم کی دہشت گردی سے محفوظ فرمائے۔ آمین۔


