حضرت امام حسینؓ کی قربانی حق، سچ اور انسانیت کی سربلندی کا عظیم درس دیتی ہے: آصف راجپوت

شیخوپورہ (ایڈیٹر نئی آواز ڈاکٹر غلام مرتضیٰ) معروف سماجی شخصیت آصف راجپوت نے کہا ہے کہ نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی حق، سچ، عدل اور انسانیت کی سربلندی کا لازوال پیغام دیتی ہے۔ محرم الحرام کی آمد کے موقع پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ واقعۂ کربلا رہتی دنیا تک ظلم کے خلاف ڈٹ جانے اور حق کا ساتھ دینے کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں صبر، برداشت، ایثار، بھائی چارے اور باہمی احترام کا درس دیتا ہے۔ آج کے حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم حضرت امام حسینؓ کی تعلیمات اور ان کے کردار سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے معاشرے میں امن، محبت اور رواداری کو فروغ دیں۔ آصف راجپوت نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کریں اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے عقائد اور مذہبی جذبات کا احترام ہی پرامن اور مستحکم معاشرے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام مکاتبِ فکر کے نمائندوں سے قریبی رابطہ اور مکمل تعاون یقینی بنایا جائے تاکہ مذہبی اجتماعات اور جلوس پُرامن ماحول میں منعقد ہو سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں