حکومت پاکستان کا نیا پاسپورٹ جاری کرنے کا فیصلہ

حکومت پاکستان کا نیا پاسپورٹ جاری کرنے کا فیصلہ، نیا پاسپورٹ 28 اپریل 2021 سے جاری کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے پاسپورٹ سے متعلق تاریخی فیصلے کیے ہیں، انہوں نے بتایا کہ حکومت پاکستان کا نیا پاسپورٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور نئے پاسپورٹ کا اجراء 28 اپریل 2021 سے کر دیا جائے گا۔

وزیرِِ داخلہ نے پاسپورٹ کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملک کے غریب طبقے کو 3 ہزار روپے کی فیس پر 10 سال کے لئے کار آمد پاسپورٹ جاری کیا جائے گا، انہوں نے واضح کیا کہ آفیشل اور ریڈ پاسپورٹ کو تبدیل نہیں کیا گیا ہے تاہم مشرقی وسطیٰ جانے والوں کو 10 سال کے لئے پاسپورٹ جاری کریں گے۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیں 120 دن کا ٹارگٹ دیا ہے، ہم یکم جنوری سے پوری دنیا میں ”ای سروس” شروع کر کرنے جا رہے ہیں، آج سے پاسپورٹ ایس ایم ایس سروس شروع کی جا رہی ہے تاہم ٹیم کو آن لائن پاسپورٹ کی فراہمی میں کچھ وقت لگے گا۔

اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن فساد کی اصل جڑ ہے، تاہم جن سیاست دانوں کی جان کو خطرہ ہے اُن 20 افراد کی فہرست میں مولانا فضل الرحمٰن کا نام ٹاپ پر ہے، البتہ یہ نہیں جانتے کہ نواز شریف کے پاسپورٹ کی مدت کب ختم ہو گی۔

خیال رہے کہ پاسپورٹ بلیک لسٹ میں ایک لاکھ کے قریب لوگ ہیں جنہیں کم کر کے پچیس ہزار تک لایا جائے گا اور اس کے لئے جرائم میں ملوث لوگوں کے علاوہ باقی افراد کو بلیک لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں