ذاتی مفادات کی خاطر ٹانگیں کھیچنا چھوڑ دیں : نواز شریف

image

گوجرہ: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی اب کوئی گنجائش نہیں ہے اس لیے ذاتی ایجنڈے پر عمل پیرا عناصر اب دوسروں کی ٹانگیں کھینچنا چھوڑ دیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نواز شریف نے فیصل آباد تا ملتان موٹروے ’ایم فور‘ کے گوجرہ سے شور کوٹ تک دوسرے سیکشن پر کام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا.

تقریب کے شرکاء سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ کراچی سے لاہور موٹروے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے، گوجرہ-شورکوٹ سیکشن کا کام مکمل ہونے کے بعد شورکوٹ- خانیوال سیکشن پر کام شروع کیا جائے گا، جبکہ خانیوال سے ملتان سیکشن پر بھی کام مکمل کرلیا گیا ہے جس کا جلد افتتاح کیا جائے گا.

نواز شریف نے کہا کہ گوجرہ سے شورکوٹ موٹروے سیکشن کے لیے تجویز کردہ رقم کا تخمینہ 21 ارب روپے تھا لیکن اس میں 4 ارب روپے کی بچت کرکے اسے 17 ارب تک لایا گیا ہے، جبکہ دیگر منصوبوں پر بھی قومی خزانے کے 110 ارب روپے بچائے گئے ہیں۔

وزیر اعظم  نے کہا کہ موٹروے پاکستان کا بہت قیمتی اثاثہ ہے اور ملک کی یکساں ترقی کے لیے شاہراہوں کا کلیدی کردار ہے جبکہ شاہراہوں کے ملاپ سے لوگوں کے درمیان بھی فاصلے کم ہوتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نفرتیں اور دوریاں ختم ہونے سے پاکستان ترقی کرے گا اور ملکی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی اب کوئی گنجائش نہیں ہے.

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے مشورہ دیا کہ ذاتی ایجنڈے پر عمل پیرا عناصر بھی اب دوسروں کی ٹانگیں کھینچنا چھوڑ دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں