پاکستان اور ازبکستان کے مابین معاہدوں پر دستخط

image

پاکستان اور ازبکستان نے مشترکہ اعلامیے اور دوطرفہ تعاون، ڈبل ٹیکسز سے گریز اور متعدد شعبوں میں اشتراک بڑھانے کے حوالے سے متعدد مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط ہوگئے ہیں۔

دو طرفہ معاہدوں پر دستخط کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف اور ازبک صدر اسلام کریموف نے باہمی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے مواقعوں پر بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

معاہدوں پر دستخط پاکستان کی ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی جبکہ ازک وزارت اقتصادی امور و سرمایہ کے درمیان باہمی تجارت میں اضافے کے لیے ہوئے۔

دونوں ممالک کے درمیان ڈبل ٹیکسائزیشن سے بچنے کے لیے بین الحکومتی انتظامات کو تشکیل دینے کے حوالے سے ایک پروٹوکول پر بھی دستخط ہوئے۔

اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ دو روزہ دورے پر ازبکستان پہنچنے والے وزیراعظم نواز شریف نے اپنی اور اپنے وفد کی مہمان نوازی پر ازبک حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ثقافت، مذہب اور روایات کے بندھن میں بندھے ہیں جبکہ انہوں نے تعاون کو فروغ دے کر باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے پر زور دیا۔

ازبک صدر نے مہمان وزیراعظم کے تدبر کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے بنیادی کردار ادا کررہا ہے۔

انہوں نے خطے کو ایک لڑی میں پرونے کے لیے امن اور استحکام کی پاکستانی پالیسی کو بھی سراہا۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت اور کاروبار میں اضافے کے لیے روڈ میپ کا بھی ذکر کیا۔

نواز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور خغرافیائی قربت سے باہمی تعاون کے مواقعے بڑھے ہیں۔

انہوں نے ازبکستان کی اقتصادی کامیابیوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس کا کریڈٹ ملک کی قیادت کو جاتا ہے۔

ازبک صدر نے وزیراعظم کا اپنے ملک میں خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مذہب، ثقافت، رسوم و رواج کے مشترکہ پہلو دونوں ممالک کے عوام کو قریب لائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا میں پاکستان کو اہم مقام حاصل ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس افرادی قوت کی بدولت ایسے امکانات موجود ہیں جو ملک کی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں