عمر گل کی اچھی کارکردگی کے باعث ٹیم میں واپسی کے امکانات

image

آل راؤنڈر کارکردگی، عمر گل کی فارم میں واپسی
عمر گل 58 میچوں میں 83 وکٹیں حاصل کر کے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے باؤلر ہیں۔
عمر گل 58 میچوں میں 83 وکٹیں حاصل کر کے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے باؤلر ہیں۔فوٹو:اے ایف پی
فاسٹ باؤلر عمر گل نے قائد اعظم ٹرافی میں اپنی آل راؤنڈ کارکردگی سے حبیب بینک کو کامیابی دلا کر سلیکٹرز کی توجہ اپنی طرف مائل کرنے میں کامیاب رہے۔

لاہور میں کھیلے گئے قائداعظم ٹرافی کے پول بی کے میچ میں حبیب بینک نے عمر گل کی عمدہ کارکردگی کے باعث لاہور وائٹس کو ایک اننگز اور 56 رنز سے شکست دے دی۔

عمر گل نے پہلی اننگز میں لاہور وائٹس کے خلاف صرف 32 رنز کے عوض سات بیٹسمینوں کو ٹھکانے لگایا، لاہور وائٹس کی پوری ٹیم ان کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور مجموعی طورپر89 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

عمر گل نے باؤلنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی صلاحیتوں کےجوہر دکھائے اور وہ 95 رنز بنانے والے آفتاب عالم کے بعد 61 رنز کے ساتھ ٹیم کے دوسرے سب سے کامیاب بلے باز رہے جس کی بدولت ان کی ٹیم نے 331 رنز کے مجموعے تک رسائی حاصل کی۔

دوسری اننگز میں بھی عمر نے لاہور وائٹس کے دو اہم بیٹسمینوں کو آؤٹ کیا اور لاہور کی ٹیم کی مزاحمت 186 رنز سے آگے نہیں بڑھ سکی۔

عمر گل نے میچ کی دونوں اننگز میں 9 وکٹیں اور 61 رنز بنا کر آل راؤنڈر کارکردگی کی بدولت سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ شاہد آفریدی بھی ٹیم کا حصہ تھے تاہم ان کے حصے میں تین وکٹیں آئیں جبکہ بیٹنگ میں صرف 6 رنز بنا سکے.

عمر گل 2013 سے قومی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ نہیں ہیں جب انھوں نے فروری 2013 میں کیپ ٹاؤن میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی جبکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اپنا آخری میچ رواں سال بنگلہ دیش کے دورے میں کھیلا تھا.

انھیں کارکردگی میں عدم تسلسل کے باعث ٹیم سے باہر کیا گیا تھا۔

عمر گل 58 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں83 وکٹیں حاصل کرکے سعید اجمل کے بعد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلرز میں دوسرے نمبر پر ہیں. سعید اجمل نے 64 میچوں میں 85 وکٹیں حاصل کی ہیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں