کراچی (رپورٹ، ذیشان حسین) جشنِ آزادی کے سلسلے میں نمائشی واکنگ فٹبال میچ مائٹ یونیورسٹی کے خوبصورت فٹسال گراؤنڈ میں منعقد ہوا، جسے ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر ملیر سنی پرویز نے اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ حکومتِ سندھ اور کراچی واکنگ فٹبال ایسوسی ایشن کے اشتراک سے آرگنائز کیا۔
میچ میں مائٹ یونیورسٹی کی دو ٹیموں بلو اور گرین نے حصہ لیا۔ دلچسپ اور سخت مقابلے کے بعد مائٹ یونیورسٹی بلو نے چھ (6) گول کیے جبکہ مائٹ یونیورسٹی گرین صرف دو (2) گول کرنے میں کامیاب رہی۔ یوں جیت مائٹ یونیورسٹی بلو کے نام رہی۔
بلو ٹیم کے کپتان تنویر بٹ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے چار (4) گول اسکور کیے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ گرین ٹیم کے محمد شہباز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس موقع پر چیف گیسٹ کیپٹن حمزہ (اینٹی نارکوٹکس) تھے جبکہ ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر ملیر سنی پرویز، مائٹ یونیورسٹی کے رجسٹرار رابن سٹیفن اور ڈائریکٹر اسد حسین نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ پاکستان واکنگ فٹبال فیڈریشن کے صدر محمد اختر نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس ایونٹ کے آرگنائزنگ سیکریٹری، پاکستان واکنگ فٹبال فیڈریشن کے سینیئر نائب صدر اور مائٹ یونیورسٹی کے اسپورٹس منیجر راجہ نوید ستی تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف گیسٹ کیپٹن حمزہ نے کہا کہ واکنگ فٹبال نے سینیئر فٹبالرز کو ایک نیا اور منفرد پلیٹ فارم فراہم کیا ہے، جہاں وہ اپنی فٹنس کے ساتھ دوبارہ انٹرنیشنل سطح پر ملک کی نمائندگی کرسکیں گے۔
رجسٹرار مائٹ یونیورسٹی رابن سٹیفن نے واکنگ فٹبال کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارے سینیئر کھلاڑی دوبارہ گراؤنڈ میں کھیل کا مظاہرہ کریں گے تو نوجوان فٹبالرز کو سیکھنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ مائٹ یونیورسٹی پاکستان واکنگ فٹبال فیڈریشن کے ساتھ مل کر اس کھیل کو فروغ دینے کے لیے بھرپور تعاون کرے گی۔
تقریب کے اختتام پر فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کی گئی جبکہ تمام کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔


