انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی 20 کی نئی رینکنگ جاری کر دی

image

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پیر کی رات ختم ہونے والی ٹی 20 سیریز کے بعد اس فارمیٹ کی نئی رینکنگ جاری کی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے منگل کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق پاکستان کی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں دوسرے جبکہ بولروں کی رینکنگ میں چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں

۔35 سالہ آفریدی ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ہیں۔ انھوں نے اب تک 87 ٹی 20 میچوں میں 88 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
آفریدی نے ٹی 20 کرکٹ کی آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور وہ ان سے 32 پوائنٹس آگے ہیں۔
آفریدی نے انگلینڈ کے خلاف کھیلی جانے والی تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 کرکٹ سیریز میں77 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں اور اس کارکردگی کے بعد وہ آئی سی سی کی بولروں کی رینکنگ میں چھٹے نمبر آ گئے ہیں۔
پاکستان کے شعیب ملک بولروں کی درجہ بندی میں آٹھ درجے ترقی پا کر 60 ویں جبکہ انور علی 35 درجے ترقی پا کر 66 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
اسی طرح انگلینڈ کے کرس جارڈن 13 درجہ ترقی پا کر 95 ویں اور عادل رشید 50 درجہ ترقی پا کر 98 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
کرس جارڈن اور عادل رشید آئی سی سی کے بولروں کی رینکنگ میں پہلی بار 100 بہترین بولروں کی درجہ بندی پر آئے ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی ٹی 20 کرکٹ کی بیٹسمینوں کی فہرست میں انگلینڈ کے ایلکس ہیلز تیسرے نمبر پر جبکہ انگلینڈ کی ٹیم کے کپتان این مورگن اس درجہ بندی میں آٹھ ویں نمبر پر براجمان ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستان کے احمد شہزاد اور عمر اکمل کی دو درجہ تنزلی ہوئی ہے اور دونوں بیسٹمین بالترتیب 16 ویں اور 18 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
انگلینڈ کے بیٹسمین جوز بٹلر، جیمز ونس اور جو روٹ اس فہرست میں 45 ، 51 اور 53 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
پاکستان کے بیٹسمین شعیب ملک سات درجہ ترقی پا کر بیٹسمینوں کی فہرست میں 58 ویں اور سام بیلنگز 95 ویں پر آ گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں