وفاقی حکومت کا بڑی تعداد میں سکولوں اور کالجوں کو شہید بچوں کا نام دینے کا اعلان

image

وفاقی حکومت نے 122 سکولوں اور کالجوں کو آرمی پبلک سکول پر ہونے والے حملے میں ہلاک ہونے والوں کے ناموں سے منسوب کرنے کی منظوری دی ہے۔
پشاور کے آرمی پبلک سکول پر گذشتہ برس 16 دسمبر کو ہونے والے حملے میں 140 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں سے اکثریت طلبہ کی تھی۔ خیبر پختونخوا کی حکومت نے اس سانحے کی برسی سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے پیر کو وفاق کے 122 سکولوں اور کالجوں کو اے پی ایس حملے میں شہید ہونے والوں سے منسوب کرنے کی باضابطہ طور پر منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’اس اقدام کا مقصد جہالت اور نفرت کے خلاف شہدا کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔‘
میاں نواز شریف نے کہنا ہے کہ عدم برداشت کرنے والے چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے آگے نہ بڑھیں۔
ان کا کہنا ہے کہ تحمل، روشن خیالی اور تعلیم کو فروغ دے کر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا جائے گا۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہمارے دشمن نفرت اور انتہاپسندی چاہتے ہیں اور ہم انھیں ایسا نہیں کرنے دیں گے۔

image
انھوں نے کہا کہ ’شہدا کی یادیں وطن عزیز کی بقا سے جڑی ہیں۔‘
ادھر پاکستان کے ایوانِ بالا میں اے پی ایس حملے میں ہلاک ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یک جہتی اور دہشت گردی کے خلاف کوششیں جاری رکھنے کے لیے حکومتی قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔
اپوزیشن لیڈر اعتزاز احسن نے سینٹ میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے 16 دسمبر کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں