سانحہ پشاور کی پہلی برسی قومی سطح پر منائی گئی

image

پشاور کے آرمی پبلک سکول میں طالبان دہشت گردوں کے ہاتھوں 141 افراد کی شہادت  کی پہلی برسی کو سرکاری سطح پر منائی گئی۔
16 دسمبر 2014 کو ہونے والے اس حملے میں شہید  ہونے والوں کی اکثریت طلبہ کی تھی اور برسی کی مرکزی تقریب بھی سکول میں منعقد کی گئی۔
پاکستان کے وزیرِ اعظم نواز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 16 دسمبر کو ’قومی عزم تعلیم‘ کے دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمارے ماضی کا حصہ تو ہے ہی لیکن وہ اسے حال اور مستقبل کا حصہ بھی بنانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 16 دسمبر 2014 کا المیہ ہمارے دلوں کو چھلنی کر گیا لیکن ہمیں ایک کر گیا۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ’تعلیم کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں۔ ہم تعلیم کو ترجیح بنائیں گے۔ ہم نئی نسل کو پرامن، ترقی کی راہ پر گامزن پاکستان دیں گے۔‘
وزیرِ اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کا دل دکھ اور غم کے احساس سے بوجھل ہے۔ ’اس سانحے نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا اور سب کے ذہنوں میں یہ سوال پیدا کیا کہ کیا انسانیت سے عاری ایسے درندے کسی نرمی کے مستحق ہیں۔

image
ان کا کہنا تھا کہ ایک سال پہلے بھی پشاور آتے ان کے ذہن میں یہ خیال پختہ ہو رہا تھا کہ ’انسانوں کا مکالمہ ان سے ہو سکتا ہے جو انسانوں کی زبان سمجھتے ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’پشاور کی زمین پر قدم رکھنے سے پہلے مجھے معصوم بچوں کے لہو نے ایک فیصلے پر پہنچا دیا تھا۔ ہم پوری قوت کے ساتھ دہشت گردی پر ضرب لگائیں گے۔‘
انھوں نے قومی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا: ’جن کے تعاون سے آئینی ترمیم کی فوجی عدالتیں بنائیں اور نیشنل ایکشن پلان بنایا۔ اور اس پختہ عز کے ساتھ میدان میں اترے کہ اس سرزمین کو دہشت گردوں سے پاک کر کے دم لیں گے۔‘
وزیرِ اعظم نواز شریف نے طلبہ و طالبات کو مخاطب کر کے کہا کہ ’دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید بچوں کا لہو بول رہا ہے۔ ضربِ عضب کی ہر کارروائی میں لہو بول رہا ہے۔ آپریشن ضربِ عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے، ن کی پناہ گاہیں اور انفراسٹرکچر ٹوٹ چکا ہے۔ بہت جلد دہشت گردی کا خاتمہ ہو جائے گا۔ ملک کا گوشہ گوشہ پر امن ہو گا۔‘
وزیرِ اعظم نے آرمی پبلک یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا۔
ہلاک شدگان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے صوبے کے دیگر شہروں کے علاوہ ملک بھر میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
پشاور کے سکول میں جاری مرکزی تقریب میں پاکستان کے وزیرِاعظم نواز شریف، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور برّی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کے علاوہ اہم سیاسی شخصیات، غیر ملکی سفرا اور ہلاک شدگان کے لواحقین شریک ہوئے۔
پشاور میں منعقدہ تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف، پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے وزیرِ اعظم ، گلگت بلستان کے وزیرِ اعلیٰ اور دیگر مہمانوں نے شدت پسندوں کے حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لیے تمغے تقسیم کیے گئے جو ان کے ورثا نے وصول کیے۔
اس موقعے پر خیبر پختونخوا کی حکومت نے ضلع پشاور کے تمام تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے جبکہ ملک کے دیگر صوبوں میں تمام تعلیمی ادارے بند ہیں گے۔
صوبائی حکومت نے آرکائیوز لائبریری کو آرمی پبلک سکول کے سانحے میں مرنے والوں کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا ہے
اس تقریب کے علاوہ پشاور کی آرکائیو لائبریری میں بھی بدھ کو سرکاری سطح پر برسی کی تقریب ہوئی۔
صوبائی حکومت نے آرکائیوز لائبریری کو آرمی پبلک سکول کے سانحے میں مرنے والوں کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ وہاں ایک یادگار بھی تعمیر کی جا رہی ہے جس پر سانحۂ پشاور میں ہلاک ہونے والے تمام بچوں کی تصویریں لگائی جائیں گی۔
اس کے علاوہ ملک کے تمام وفاقی سکولوں اور کالجوں میں بدھ کو یوم شہدائے آرمی پبلک سکول منایا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں