یورپ اور نیو یارک میں دہشت گردی کے خطرات

فائل فوٹو
فائل فوٹو

جرمنی کے شہر میونخ میں پولیس نے دہشت گردی کے ممکنہ حملے پر خبردار کرتے ہوئے عوام سے کہا ہے کہ وہ بھیٹر والی جگہوں پر نہ جائیں۔
پولیس نے ٹویٹ کیا ہے کہ شہر کے مرکزی ریلوے سٹیشن اور دوسرے ریلوے سٹیشن خالی کروا لیے گئے ہیں اور ان سٹیشنوں پر کوئی ٹرین نہیں روکے گی۔‘
فیس بک پر ایک پوسٹ میں حکام نے کہا کہ اُن کے پاس موجود ’مصدقہ معلومات‘ کے مطابق نئے سال کے موقع پر دہشت گردی حملوں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
پولیس کی ٹویٹ کے مطابق’ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ میونخ میں حملوں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔بھیٹر سے دور رہیں۔‘جرمنی کے ریڈیو نے پولیس کے ترجمان کے حوالے سے کہا ہے کہ انھیں ممکنہ حملوں کے بارے میں دو طرح کی معلومات ملی ہیں۔

بیلجیئم کی حکومت کا کہنا ہے کہ جمعرات کو حراست میں لیے گئے تین متشبہ افراد دارالحکومت برسلز میں سالِ نو کی تقریبات کے موقع پر حملے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جبکہ امریکہ میں بھی دہشت گردی کے ممکنہ حملے کے شبہے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
رواں ہفتے کے آغاز میں بھی تین مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا تھا جبکہ برسلز میں سالِ نو کی تقریبات دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے سبب منسوخ کر دی گئی ہیں۔
بیلجیئم پولیس نے نئے سال کے موقع پر ممکنہ دہشت گردی کی کارروائیوں سے تعلق کے شبہے میں چھ افراد کو حراست میں لیا ہے جن میں تین کو رہا کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ریاست نیو یارک میں نئے سال کی تقریبات کے دوران حملہ کرنے کے شبہے میں ایک شخص کو حراست میں لیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ 25 سالہ شخص روچیسٹر کے علاقے میں عام شہریوں پر چاقو سے حملہ کرنے اور ایک ریسٹورنٹ پر دھوا بولنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
ملزم پر الزام ہے کہ اُس نے شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کو مواد فراہم کیا ہے۔ ملزم نے اپنی ایک ویڈیو بھی بنائی ہے جس میں ان ممکنہ حملوں کی ذمہ داری دولتِ اسلامیہ کی جانب سے قبول کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں