پشاور (نئی آواز ) خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں اچانک چھاؤنی اور اس کے قریبی علاقے نوتھیہ کے سکول بند کر دیے گئے تھے جس کے بعد افواہوں نے گردش شروع کر دی اور شہر بھر میں کوئی ڈیڑھ سو سے زیادہ سکول بند کر دیے گئے تھے۔
ایسی اطلاعات ہیں کہ ضلعی انتظامیہ نے کچھ دن پہلے چھاونی اور نوتھیہ کے علاقے میں سکولوں کی حفاظت کے لیے اقدامات تجویز کیے تھے جس کا معائنہ کیا جانا تھا۔
اس مقصد کے لیے چھاونی اور نوتھیہ کے سکولوں میں بچوں کو چھٹی دے دی گئی۔ ان سکولوں کے بند ہونے سے شہر میں افواہیں گردش کرنے لگیں جس سے پشاور میں لگ بھگ تمام سکول بند کر دیے گئے۔
صوبائی وزیر تعلیم اور ضلع ناظم نے بھی اس بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی کہ آخر یہ سکول کیوں بند کر دیے گئے۔
شہر میں خوف کا یہ عالم تھا کہ اکثر سکولوں کے باہر والدین کی بڑی تعداد جمع ہو گئی تھی اور بچوں کو ساتھ گھروں کو لے گئے۔