اکبر بگٹی قتل مقدمے میں پرویز مشرف کو رہا کر دیا گیا

 کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بلوچ رہنما نواب اکبر بگٹی کے مقدمۂ قتل میں سابق فوجی صدر پرویز مشرف سمیت تین نامزد ملزمان کو بری کر دیا ہے۔
نواب محمد اکبر خان بگٹی 26 اگست 2006 کو ڈیرہ بگٹی اور کوہلو کے درمیانی علاقے ترتانی میں ایک فوجی آپریشن کے دوران ہلاک ہوگئے تھے۔
بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم پر ان کی ہلاکت کا مقدمہ تین سال بعد اکتوبر 2009 میں درج کیا گیا تھا۔
اس مقدمے کے ملزمان میں سابق صدر پرویز مشرف کے علاوہ سابق وزیر اعظم شوکت عزیز، سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد شیر پاؤ ، سابق صوبائی وزیر داخلہ شعیب احمد نوشیر وانی، سابق گورنر بلوچستان اویس احمد غنی، سابق وزیر اعلیٰ جام محمد یوسف اور سابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی عبدالصمد لاسی شامل تھے۔
انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نمبر ایک کے جج جان محمد گوہر نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے پرویز مشرف کے علاوہ آفتاب احمد شیر پاؤ اور شعیب نوشیروانی کو بھی بری کرنے کا حکم دیا۔
مقدمے کے بقیہ تین ملزمان شوکت عزیز، اویس غنی اور عبدالصمد لاسی کو اس مقدمے میں پہلے ہی مفرور قرار دیا جا چکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں