کراچی کو پر امن اور بے خوف بنانے کے لئے کسی بھی حد تک جائے گے: راحیل شریف

جنرل راحیل شریف نے  کراچی میں لوگوں کی روزمرہ زندگی کو دہشت گردی سے پاک، پر امن اور بے خوف بنانے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انھوں نے یہ بات کراچی میں بدھ کو امن و امان کے بارے میں کور ہیڈ کوراٹر میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران کہی۔
جنرل راحیل کی زیرِ صدارت کئی گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس اور ڈی جی آئی ایس آئی، کور کمانڈر کراچی جنرل نوید مختار، ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ بلال اکبر اور دیگر عسکری اداروں کی افسران نے شرکت کی۔
پاکستان فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل شریف کو انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی جانے والی کارروائیوں اور مجموعی طور پر آپریشن کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جنرل راحیل شریف نے رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے حفاظتی اقدامات میں بہتری کو سراہا اور خاص طور پر انٹیلیجنس اداروں کو بڑی پیمانے پر کامیابی پر مبارکباد دی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ کراچی میں فعال ایسے دہشت گرد گروہوں کے ڈھانچے کو غیر موثر کر دیا گیا ہے جن کے روابط کراچی سے باہر بھی موجود تھے۔‘
یاد رہے کہ کراچی میں گزشتہ ڈیڑھ سال سے ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے، جس کی قیادت رینجرز کے حوالے ہے جبکہ دیگر خفیہ ادارے بھی ان کی معاونت کر رہے ہیں۔
اس آپریشن کے نتیجے میں شہر میں سیاسی اور لسانی بنیادوں پر تصادم، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں تو کمی آئی ہے، لیکن شدت پسندوں کے حملے سنہ 2015 میں بھی سکیورٹی اداروں کے لیے چیلینج رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں