نئی آواز ( سپورٹس ڈیسک ) کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔
اب سے کچھ دیر پہلے پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف بغیر کسی نقصان کے آٹھ رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی جانب سے سمیع اسلم اور اظہر علی نے اننگز کا آغاز کیا‘
ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
واضح رہے کہ کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل بارش کی نذر ہوگیا تھا اور ایک گیند بھی نہ پھینکی جا سکی تھی۔
اس دورے کے دوران پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی جس کے بعد پاکستان دورہ آسٹریلیا کے لیے روانہ ہو جائے گا۔
پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز جیتنے کے بعد نیوزی لینڈ پہنچی ہے لیکن اس جیتی ہوئی سیریز کا اختتام شارجہ ٹیسٹ کی شکست کی صورت میں ہوا تھا، کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں بھرپور صلاحیت موجود ہ کہ وہ نیوزی لینڈ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکے، یہ مصباح الحق کا بحیثیت کپتان 50 واں ٹیسٹ میچ ہوگا۔ وہ 50 یا زائد ٹیسٹ میچوں میں قیادت کرنے والے دنیا کے 16 ویں کپتان ہوں گے، پاکستانی ٹیم سنہ 1984 کے بعد سے نیوزی لینڈ کے خلاف کبھی بھی ٹیسٹ سیریز نہیں ہاری ہے لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف اس کی آخری ٹیسٹ سیریز جو گذشتہ سال متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی تھی اس کے لیے بڑا دھچکہ ثابت ہوئی تھی جس میں نیوزی لینڈ نے شارجہ ٹیسٹ اننگز اور 80 رنز سے جیت کر سیریز برابر کردی تھی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم بھارت میں تین صفر سے ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھویا ہوا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرے گی، نیوزی لینڈ کی ٹیم کا اپنے ہوم گراؤنڈ پر ریکارڈ اچھا رہا ہے۔ گذشتہ پانچ سال کے دوران وہ صرف آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہاری ہے، اس عرصے میں اس نے ویسٹ انڈیز، بھارت اور سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتی ہیں جب کہ پاکستان اور انگلینڈ سے سیریز برابر رہی ہیں۔