لاہور : پولیس مقابلے میں لشکر جھنگوی کے 4 دہشت گرد ہلاک

ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی تصویر
ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی تصویر

لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے بادامی باغ میں پولیس اور انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ کی مشترکہ کارروائی میں کالعدم لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے ہارون بھٹی سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

خیال رہے کہ ہارون بھٹی کو اس کے دیگر 4 ساتھوں کے ہمراہ گذشتہ ماہ دبئی میں انٹرپول کی مدد سے گرفتار اور تفتیش کے لیے لاہور منتقل کیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہارون بھٹی کو دیگر دہشت گردوں کی نشاندہی کے لیے بادامی باغ میں ملک پارک کے قریب ایک مکان پر لایا گیا، جہاں پہلے سے موجود دہشت گردوں نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر فائرنگ شروع کردی۔

پولیس کی جوابی کارروائی میں مکان میں موجود تینوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ نشاندہی کے لیے لائے گئے ہارون بھٹی بھی مقابلے میں ہلاک ہوئے۔

پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت عمیر ندیم، نعمان یاسین اور عمیر حسین کے ناموں سے ہوئی ہے۔ جن کے قبضے سے دس ہینڈ گرنیڈ، دو ایس ایم جی، چھ میگزین، ایک پستول، ریموٹ ڈیوائس اور ایک سو سے زائد گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں