ماحولیاتی تبدیلیوں کی زیادہ ذمہ داری ترقی یافتہ ممالک پر عائد ہوتی ہے : نواز شریف

image

پیرس: وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک کی ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے ذمہ داریاں زیادہ ہیں۔

مالٹا کا تین روزہ دورہ مکمل ہونے کے بعد ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق اقوام متحدہ کی 21ویں کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کیلیے نواز شریف اتوار کو پیرس پہنچ گئے، جہاں وہ پیر سے شروع ہونے والی پندرہ روزہ کانفرنس کے پہلے روز تقریر کریں گے ۔

توقع ہے کہ وزیراعظم اپنی تقریر میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے مسائل سے نمٹنے سے متعلق پاکستانی اقدامات اجاگر کریں گے۔

وہ فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند کی جانب سے عالمی رہنماؤں کے اعزاز میں دئے گئے ظہرانے میں بھی شرکت کریں گے۔

کانفرنس میں 140 سے زائد ملکوں کے رہنما شرکت کریں گے اور خطاب کریں گے۔

پیرس آمد پر میڈیا سے مختصر گفتگو میں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان عالمی کاوشوں میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔

’گو کہ پاکستان کاربن گیسز کے اخراج کی کم سے کم سطح کا شکار ہے تاہم ماحولیاتی تبدیلی کے مسائل سے نمٹنے کیلئے کی جانے والی عالمی کوششوں میں پاکستان اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا‘۔

نواز شریف پیرس میں عالمی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ نو منتخب وزیر ِ ماحولیاتی تبدیلی زاہد حامد کی سربراہی میں پاکستانی ٹیم کانفرنس میں مذاکرات کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں