دنیا کا جھوٹا ترین شخص کس کو قرار دیا

واشنگٹن (بیورو چیف ) امریکی صدارت کی دوڑ میں شامل ڈونلڈ ٹرمپ مسلمانوں کے حوالے سے متنازع اور جھوٹے بیانات دے کر بدنام تو پہلے ہی ہے۔

اب انہیں ایک امریکی ویب سائٹ نے رواں سال کا سب سے جھوٹا شخص قرار دیا ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد مرتبہ حقائق کو جھٹلایا اور تاریخ کو مسخ کرتے ہوئے اس سال 76 فیصد جھوٹ بولے۔ صرف یہی نہیں بلکہ وہ اپنی من گھڑت باتوں کے جھوٹ ثابت ہونے کے باوجود اس پر ڈھٹائی کے ساتھ قائم رہے۔ ویب سائٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کا سب سے بڑا جھوٹ ان کے اس بیان کو قرار دیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ 11 ستمبر کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملے کے بعد نیو جرسی میں مسلمان جشن منا رہے تھے۔ ایک اور جھوٹے بیان میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ ان کی انتخابی مہم کے تمام اخراجات وہ خود اٹھا رہے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ان کی مہم کے 50 فیصد اخراجات ان کے حمایتیوں نے چندے کے طور پر دیئے۔ ایک اور موقع پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا میں اس وقت کوئی ملازمت نہیں جبکہ اس وقت 5 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع دستیاب تھے۔ اس کے علاوہ بھی ٹرمپ نے دیگر جھوٹے بیانات دیئے جن میں امریکی صدر باراک اوباما پر اسلحہ قانون پاس نہ کرنے کا الزام اور شامی پناہ گزینوں کے حوالے سے غلط حقائق پیش کرنا شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں