انگلینڈ کے خلاف بھارتی پندرہ رکنی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا اعلان

نئی آواز ( سپورٹس ڈیسک )  بی سی سی آئی نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ میچوں کے لیے اپنی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔12370695_1043704765661364_4868594325196735289_o
انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی یہ سیریز نو نومبر سے انڈیا کے شہر راج کوٹ میں شروع ہو رہی ہے۔
انڈیا کے اہم بلے باز روہت شرما کو زخمی ہونے کے سبب ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ وہ وزاگ میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے میچ کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔
ان کے علاوہ سیلیکشن کمیٹی نے زخمی شیکھر دھون اور لوکیش راہل کو بھی منتخب نہیں کیا ہے جبکہ ایک عرصے کے بعد ٹیم میں شامل کیے جانے والے اوپنر گوتم گمبھیر ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف فاسٹ بولر ایشانت شرما نے ٹیم میں واپسی کی ہے جبکہ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا ٹیم میں شامل ہونے والے نئے کھلاڑی ہیں۔
اس سے قبل وہ ون ڈے ٹیم کا حصہ تھے لیکن انھوں نے ابھی تک ٹیسٹ میچز میں انڈیا کی نمائندگی نہیں کی ہے۔
انڈیا کی ٹیم کو منتخب کرنے کے لیے بدھ کی صبح ممبئی میں میٹنگ ہوئی جس میں پانچوں سلیکٹروں کے علاوہ بورڈ کے سیکریٹری اجے شرکے اور فیزیو پیٹرک فرہارٹ نے شرکت کی جبکہ کپتان وراٹ کوہلی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تین صفر سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد انڈیا ٹیسٹ میچز میں نمبر ایک پر ہے جبکہ پاکستان اس کے بعد دوسرے نمبر پر چلی گئی ہے۔
دو ٹیسٹ میچز کے لیے انڈیا کی ٹیم
وراٹ کوہلی (کپتان)، گوتم گمبھیر، مرلی وجے، چیتیشور پچارا، اجنکیا رہانے، آر ایشون، وریدیمان ساہا (وکٹ کیپر)، امت مشرا، محمد شامی، امیش یادو، ہاردک پانڈیا، جینت، روندر جڈیجا، ایشانت شرما اور کرون نایر۔
پہلا ٹیسٹ راجکوٹ میں نو نومبر سے کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا 17 نومبر سے وشاکھاپٹنم میں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں