راحیل شریف کی جان کیری سے ملاقات کشمیر سمیت اہم موضوعات پر بات چیت

image

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے جنرل راحیل شریف کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ امریکہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرتا ہے۔
واشنگٹن میں بدھ کو پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے ملاقات میں جان کیری کا کہنا تھا کہ امریکہ نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو دوسرے ممالک سے مشروط نہیں کیا ہے۔
پاکستان کی بری فوج کے سربراہ نے جان کیری سے مسئلہ کشمیر حل کرنے پر زور دیا۔
’پہلا دورہ مگر اعتماد کی بحالی کا آخری موقع‘
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی و استحکام، افغانستان اور بھارت کے ساتھ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
بیان کے مطابق ملاقات میں امریکہ اور پاکستان کے باہمی تعلقات پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔
اس موقع پر جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی دلچپسی اور احترام کی بنیاد پر مضبوط تعلقات چاہتا ہے۔
ملاقات میں علاقائی سلامتی اور استحکام پر بات چیت کی گئی۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بھارت اور افغانستان کو علاقائی استحکام کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ نے پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شریف نے 20 سے 23 اکتوبر تک امریکہ کا دورہ کیا تھا اور صدر اوباما سے ان کی ملاقات میں پاک بھارت تعلقات، مسئلہ کشمیر، افغانستان اور دہشت گردی اور سکیورٹی کے دیگر امور سمیت دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت کئی اہم موضوعات کے علاوہ جمہوری اصولوں کی حمایت پر تفصیلی بات چیت ہوئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں