نواز شریف کا بھارتی وزیر اعظم کو ٹیلی فون مکمل تعاون کی یقین دہانی

image

وزیرِاعظم نواز شریف نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ٹیلیفونک بات چیت میں انھیں پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات میں مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔
آج ہونے والی بات چیت میں وزیرِ اعظم نواز شریف نے حملے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد امن عمل کو پٹڑی سے اتارنا چاہتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے جو بھی معلومات فراہم کی جائیں گی ان پر تفصیلی تحقیقات کی جائیں گی۔
پی ٹی وی کے مطابق دونوں وزارئے اعظم نے دہشت گردی کا مل کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
پٹھان کوٹ پر حملے اور اس کے بعد سرچ آپریشن کے دوران چھ حملہ آور اور سات بھارتی فوجی ہلاک ہوئے ہیں
اس سے قبل پیر کو پاکستان کے دفترِ خارجہ نے کہا تھا کہ اس حملے کے تناظر میں بھارتی حکومت سے ملنے والی معلومات پر کام کیا جا رہا ہے۔
دفترِ خارجہ نے پیر کو ایک بیان میں کہا تھا کہ پاکستان خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھارتی حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ ’اپنے وعدے کے مطابق مسئلے کے حل کے لیے پاکستانی حکومت بھارتی حکومت سے مکمل رابطے میں ہے اور ان کی جانب سے فراہم کی جانے والی معلومات پر کام کر رہی ہے۔‘
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ دونوں ممالک کو مذاکرات کے سلسلے کو جاری رکھنے کا عزم دکھانا ہوگا۔
خیال رہے کہ پٹھان کوٹ میں حملے کی ذمہ داری کشمیری عسکریت پسند گروہوں کے اتحاد یونائیٹڈ جہاد کونسل نے قبول کی ہے جو بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں برسرِ پیکار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں