اے آر وائی دفتر پر حملہ دہشت گرد تنظیم نے ذمہ داری قبول کر لی

image

 اسلام آباد میں نجی ٹی وی چینل اے آر وائی کے دفتر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا ہے جس کےنتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔
اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون میں واقع اے آر وائی کے گارڈ کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نے دفتر کے اندر دستی بم پھینکا۔
حملہ آوروں نے ’دستی بم‘ کے علاوہ عمارت کے اندر ایک پمفلٹ بھی پھینکا ہے جس میں اس حملے کی ذمہ داری دولت اسلامیہ کی جانب سے قبول کی گئی ہے۔
’دونوں حملہ آور کالے کپڑوں میں ملبوس تھے اور نقاب پہنے ہوئے تھے۔ میں نے ان پر فائرنگ کی لیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔‘
اے آر وائی پر اس حملے کے نتیجے میں ڈی ایس این جی کا آپریٹر زخمی ہوا ہے۔
اے آر وائی اسلام آباد کے بیورو چیف صابر شاکر کا کہنا ہے کہ ان کو کسی قسم کی دھمکی موصول نہیں ہوئی تھی۔
تاہم انھوں نے کہا کہ ’حال ہیں میں اٹک میں اے آر وائی کے نامہ نگار کو پولیس نے احتیاط برتنے کو کہا تھا۔ تاہم اس قسم کی کوئی ہدایت اسلام آباد دفتر کو نہیں دی گئی تھی۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں