امریکن ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرانے سے تباہ

امریکی ریاست ہوائی کے جزیرے ’اوہاؤ‘ کے قریب امریکی فوج (میرین) کے دو ہیلی کاپٹر ایک دوسرے سے ٹکرا گئے ہیں جن میں کل 12 افراد سوار تھے۔
کوسٹ گارڈ کے چیف پیٹی افسر سارہ مورز کا کہنا ہے کہ سمندر میں ملبہ دکھائی دیا ہے۔اس حادثے کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہو پائی ہے۔
میرین کپتان ٹمتھی آئرش نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ ’سی ایچ 53‘ نامی ان دونوں ٹرانسپورٹ ہیلی کاپٹروں کی تلاش کا عمل جاری ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ دونوں ہیلی کاپٹر ہوائی میں میرین کور کے اڈے پر تعینات تھے۔
تاحال اس حادثے کی وجہ کے ساتھ ساتھ اس میں بچنے والوں کے بارے میں مزید کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔
سارہ مورز نے لاس اینجلس میں واقع ریڈیو سٹیشن سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اندھیرے اور سمندر کی اونچی لہروں کے باعث ہیلی کاپٹروں کو تلاش کرنا مشکل ہو جائے گا۔
ایک سال سے کم عرصے پہلے ایک میرین کور ایم وی 22 کا طیارہ تربیت کے دوران زمین پر جا ٹکرایا تھا جس میں دو فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں