قومی اسمبلی میں متنازع سائبر کرائم بل کی منظوری

اسلام آباد ( نئی آواز )  قومی اسمبلی نے کثرت رائے سے متنازع سائبر کرائم بل کی منظوری دے دی ہے۔
اور اب صدر مملکت کے دستخط کے بعد یہ بل قانون بن جائے گا۔
یہ بل بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کیا گیا تھا تاہم کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے منظور نہیں کیا جا سکا تھا۔جمعرات کو حزب اختلاف کی جماعتوں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے اس بل میں انسانی حقوق سے’متصادم‘ شقوں پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے اس کی منظوری کو موخر کرنے کا مطالبہ کیا تاہم جماعت اسلامی اور قومی وطن پارٹی نے آج ہی اس کی منظوری کی حمایت کی۔
جس کے بعد یہ بل ایوان میں موجود ارکان کی اکثریت نے منظور کر لیا۔
سینیٹ میں منظوری سے پہلے اس بل میں اپوزیشن کی جماعتوں کی 50 سے زیادہ ترامیم کو شامل کیا گیا تھا تاہم قومی اسمبلی میں منظوری سے پہلے اس میں مزید کوئی ترمیم نہیں کی گئی۔
خیال رہے کہ سائبر کرائم بل کا پہلا مسودہ قومی اسمبلی نے اس سال اپریل میں منظور کیا تھا تاہم سینیٹ میں حزب مخالف کی سب سے بڑی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں نے اس بل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں