اسامہ بن لادن کے آپریشن سے متعلق شائع ہونے والی کتاب کی کمائی امریکی حکومت کو جائے گی

130831111454_no_easy_day_512x288_bbc_nocredit

نئی آواز ( نیوز ڈیسک ) اسامہ بن لادن کے خلاف ہونے والی فوجی کارروائی میں حصہ لینے والے امریکی نیوی سیل جنھوں نے اس واقعے کے بارے میں ایک کتاب لکھی تھی، امریکی حکومت کو تقریباً سات ملین ڈالر ہرجانے کے طور ادا کریں گے۔ میٹ بسنیٹ نامی اس امریکی فوجی نے سنہ 2012 میں یہ کتاب لکھی تھی اور اس سلسلے میں انھوں نے امریکی محمکہ دفاع پینٹاگون سے پشگی اجازت نہیں لی تھی اور ان پر راز داری کے قانون کی خلاف ورزی کا مقدمہ چل رہا تھا۔ سابق امریکی سیل اس بات پر رضا مند ہو گئے ہیں کہ اپنی کتاب سے حاصل ہونے والا تمام منافع وہ حکومت کو دے دیں گے۔ میٹ اس کے ساتھ فلم کے حقوق سے بھی دستبردار ہوگئے ہیں۔ اس پیش رفت کے بعد حکومت کا کہنا ہے کہ وہ میٹ پر کیے جانے والے دیگر ہرجانے کے کیس ختم کر دے گی۔ خیال رہے کہ سنہ 2011 میں امریکی فورسز نے پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کو ایک کارروائی کے دوران ہلاک کر دیا تھا اور ان کی میت کو سمندر برد کر دیا تھا۔ امریکی ریاست ورجینیا کی ایک عدالت میں میٹ کی جانب سے داخل کیے گئے بیان میں انھوں نے اعتراف کیا ہے کہ کتاب شائع کرنے سے قبل انھوں نے پینٹاگون سے اس کی اجازت نہیں لی تھی۔میٹ نے اپنے بیان میں معافی بھی مانگی ہے اور کہا ہے کہ انھیں وکیل کی جانب سے غلط مشورہ دیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں