یونس خان کو سیریز مکمل کھیلنا چاہئے تھی : وقار یونس

image

 وقاریونس کا کہنا تھا کہ یونس خان کا ون ڈے انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ اچانک اور ان کے لیے کسی دھچکے سے کم نہ تھا۔
یاد رہے کہ یونس خان کو انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن انھوں نے پہلا ون ڈے کھیل کر ریٹائرمٹ لے لی۔

وقاریونس کا کہنا ہے کہ یونس خان کو پوری سیریز کھیلنی چاہیے تھی لیکن انھوں نے وہی کیا جو انھوں نے سوچا۔
وقاریونس نے کہا کہ یونس خان کا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ اچانک تھا اور ہم سب کے لیے دھچکہ تھا۔ تاہم اس میں کوئی شک نہیں کہ یونس خان بہت بڑے بیٹسمین ہیں اور جس طرح وہ کھیلتے آرہے ہیں انھیں ان پر فخر ہے اور انھیں امید ہے کہ وہ جس طرح کھیل رہے ہیں وہ ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز مکمل کر لیں گے۔
پاکستانی ٹیم کے کوچ کو یقین ہے کہ ان کے کھلاڑی منگل کے روز شارجہ میں تیسرے ون ڈے میں ایک بار پھر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرے ون ڈے کی مایوس کن کارکردگی کی تلافی کردیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم نے پہلا ون ڈے چھ وکٹوں سے جیتا تھا لیکن دوسرے ون ڈے میں اسے 95 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
وقاریونس کا کہنا ہے کہ دوسرے ون ڈے میں پاکستانی ٹیم بہت خراب کھیلی خاص طور پر بیٹنگ میں کارکردگی مایوس کن رہی ۔ کوشش کریں گے کہ تیسرے ون ڈے میں ایسا نہ ہو۔
وقاریونس کا کہنا ہے کہ وکٹیں گرنے سے رنز کی رفتار رک جاتی ہے لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے کیونکہ آج کل کی ون ڈے کرکٹ بالکل بدل گئی ہے جس میں رنز کی رفتار نہیں رکتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں