ملک کی بدنامی کرنے والے کے ساتھ نہیں کھیل سکتا : محمد حفیظ

image

دبئی: پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ نے بنگلہ دیشی پریمیئر لیگ (بی پی ایل )میں اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ فاسٹ باؤلر محمد عامر کے ساتھ کھیلنے سے انکار کر دیا۔

محمد حفیظ نے بی پی ایل کی ٹیم چٹاگانگ وکنگز کے لیے محمد عامر کے ساتھ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔

محمد حفیظ اور محمد عامر نے چٹاگانگ وکنگز سے معاہدہ کیا تھا تاہم محمد حفیظ نے تقریباً ایک کروڑ روپے کی پیش کش ٹھکرا دی ہے جبکہ محمد عامر اس ٹیم کے سرفہرست فاسٹ باؤلر ہوں گے.

چٹاگانگ وکنگز میں محمد عامر کے علاوہ پاکستانی کھلاڑی سعید اجمل، عمر اکمل اور یاسر علی شامل ہیں.

محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ یہ ذاتی معاملہ نہیں ہے بلکہ اس کا تعلق ملک کی عزت اور ساکھ سے ہے، اور وہ کسی ایسے کھلاڑی کے ساتھ نہیں کھیل سکتے جس نے ملک کو بدنام کیا ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی دوسری ٹیم نے انھیں پیشکش کی تو وہ بنگلہ دیشی پریمئر لیگ کھیلیں گے۔

محمد حفیظ نے اس سوال پر کہ آپ اس وقت کیا کریں گے جب محمد عامر کو پاکستانی ٹیم میں منتخب کر لیا جائے گا تو انھوں نے اس بات کا جواب دیتے ہوئے صرف اتنا کہا کہ یہ وقت بتائے گا۔

محمد عامر، محمد آصف اور سلمان بٹ کو اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کی گئی تھی تاہم رواں سال تینوں کھلاڑیوں سے پابندی ہٹائے جانے کے بعد محمد عامر باقاعدہ طورپر فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپس آچکے ہیں جبکہ سلمان بٹ اور محمد آصف قائداعظم ٹرافی میں واپڈا کی ٹیم کے ساتھ ہیں لیکن تاحال انھیں میچ میں شامل نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب یہ اطلاعات سامنے آ رہی تھیں کہ پاکستانی ٹیم کے بیشتر کرکٹر اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ کھلاڑیوں کی ٹیم میں واپسی کے خلاف ہیں تاہم محمد حفیظ وہ پہلے کرکٹر ہیں جنھوں نے کھل کر اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔

بی پی ایل کا آغاز اتوار کو ہوگا جہاں پہلا میچ چٹاگانگ وکنگز اور رنگپور رائیڈرز کے درمیان ڈھاکا میں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں