انقلاب کے لمحے۔۔۔ تحریر : عاکفہ وحید (سرگودھا)

زندگی میں کبھی کبھار کچھ لمحے ایسے بھی آتے ہیں جو “انقلاب” کے ہوتے ہیں۔ انقلاب مطلب بڑی تبدیلی۔ اب یہ انقلاب ملک اور قوم کے علاوہ کسی شخص کی زندگی میں بھی رونما ہو سکتا ہے۔ انقلاب کے یہ لمحے جو انسان کی سوچ بدل کر رکھ دیتے ہیں، اس انسان کو زمین سے اٹھا کر آسمان تک پہنچا دیتے ہیں۔ انقلاب کے یہ لمحے ہر انسان کی زندگی میں آتے ہیں مگر ان لمحات سے فائدہ صرف عقل مند لوگ ہی اٹھا سکتے ہیں۔ قدرت ہر انسان کو اپنی تقدیر بدلنے کا موقع فراہم کرتی ہے مگر اپنی قسمت کو بدلنے اور اپنی زندگی میں انقلاب برپا کرنے والے وہی ہوتے ہیں جو ان انقلابی لمحوں کو پہچان جاتے ہیں۔
ایسے لمحے بعض اوقات کسی انسان کی تلخ باتوں والے بھی ہو سکتے ہیں۔ جب ہمیں کوئی ایسا شخص جو ہمارے لیے بہت اہمیت کا حامل ہو، کوئی تلخ بات کہہ دے جو ہماری برداشت سے باہر ہو۔۔۔مثلا ‘تم اور یہ کام’۔۔۔ ‘خواب دیکھنا بند کرو یار’۔۔۔’تم نے اپنی شکل دیکھی ہے’۔۔۔ اور یقین کریں ایسے جملے ہم میں سے بہت سے لوگوں کے اردگرد سنے اور بولے جاتے ہیں۔ ان جملوں کے بولنے والوں کو شاید احساس بھی نہیں ہوتا کہ وہ مقابل کا سینا چھلنی کر رہے ہیں۔ یقین جانیے یہی لمحے ہوتے ہیں جب انسان سوچتا ہے کہ مجھ میں کیا کمی ہے جو میں یہ کام نہیں کر سکتا؟ میں کیوں بڑے خواب نہیں دیکھ سکتا؟ انقلاب کے انہی لمحوں میں جب انسان اپنے خواب پورے کرنے کی ٹھان لیتا ہے، جب وہ اپنے آپ کو منوانے نکل پڑتا ہے۔ اور پھر انہی لمحوں کے بعد کی گئی محنت ضرور رنگ لے کر آتی ہے۔ پھر ایک وقت ایسا آتا ہے جب وہ لوگ جو کبھی آپ کو باتیں سنایا کرتے تھے، آپ کے خواب سن کر آپ کا مذاق اڑایا کرتے تھے، وہی لوگ آپ کو جھک کر سلام کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ تب آپ دل ہی دل میں شکر ادا کرتے ہیں کہ آپ نے ان لمحوں کو پہچانا اور ان سے فائدہ اٹھایا۔۔۔ لہذا کسی کی باتوں کو سچ مان کر ہمت نا ہاریں بلکہ آپ کیا ہیں لوگوں کو بتا دیں۔ اپنی زندگی کی چابی اپنے پاس رکھیں اور لوگوں کے ہاتھوں کٹھ پُتلی نا بنیں۔ خود کو حقیر ماننا چھوڑ دیں اور انقلاب کے لمحوں سے فائدہ اٹھا کر دنیا کے سامنے اپنا آپ منوا لیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں