قلم کی حرمت اور سچ کی سربلندی ہی آزاد صحافت کی اصل روح ہے، بانی NUJ محمد احسان مغل

3 مئی عالمی یومِ آزادی صحافت کے موقع پر نیشنل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے تمام جری صحافیوں کو خراج تحسین پیش،

لاہور(ایڈیٹر نئی آواز ۔ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ) تفصیلات کے مطابق عالمی یومِ آزادی صحافت کے موقع پر بانی و مرکزی چیئرمین نیشنل یونین آف جرنلسٹس محمد احسان مغل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ صحافت صرف خبروں کی ترسیل یا تجزیہ کا نام نہیں بلکہ صحافت پاکستان کا چوتھا ستون ہونے کے ساتھ ساتھ ایک مقدس فریضہ ہے، جو ظلم و ناانصافی کے خلاف مزاحمت، حق گوئی کی حمایت اور عوامی شعور کی بیداری کا ذریعہ بنتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزادی صحافت دراصل آزادی فکر کی علامت ہے، جسے دبانے کی ہر کوشش صحافی برادری پر ہی نہیں بلکہ پاکستان کہ چوتھے ستون پر حملہ ہے۔ نیشنل یونین آف جرنلسٹس ہمیشہ سے اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ صحافیوں کو اپنے فرائض آزادی، تحفظ اور عزت کے ساتھ انجام دینے کا حق حاصل ہے۔ ہم اُن تمام جری صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے اپنے اصولوں پر قائم رہتے ہوئے قربانیاں دیں اور اپنے لہو سے آزادیِ اظہار کا چراغ روشن رکھا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ آج وقت کی سب سے بڑی ضرورت یہ ہے کہ ریاستی ادارے، حکومت اور سماج کے تمام طبقات مل کر ایک ایسا ماحول تشکیل دیں جہاں صحافت دباؤ سے آزاد، ذمہ دار، اور محفوظ ہو، تاکہ قوم کو سچ، تحقیق، اور حقائق پر مبنی معلومات میسر آسکیں۔ نیشنل یونین آف جرنلسٹس اس عہد کی تجدید کرتی ہے کہ وہ ہر محاذ پر صحافتی آزادی، حق گوئی اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں