واشنگٹن میں چہلم کا جلوس وائٹ ہاؤس کے سامنے اختتام پذیر

image
واشنگٹن— واشنگٹن میں امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے موقع پر شعیہ حضرات نے ماتمی جلوس نکالا، جو ڈو پونٹ سرکل سے شروع ہو کر چار گھنٹے میں وائٹ ہاؤس کے سامنے پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

ماتمی جلوس کے شرکاء میں واشنگٹن کے علاوہ قریبی ریاستوں ورجینیا اور میری لینڈ سے بڑی تعداد میں آئے ہوئے خواتین، بچے اور مرد سب ہی شامل تھے، جنھوں نے سیاہ لباس زیب تن کر رکھا تھا اور ہاتھوں میں علم اٹھائے ہوئے شہدائے کربلا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مارچ کر رہے تھے۔راستے میں جگہ جگہ پانی، مشروبات اور نیاز سے جلوس کےشرکاء کی تواضع کی جا رہی تھی، جبکہ جلوس کے اختتام پر شرکاء میں تبرک بھی تقسیم کیا گیا۔واشنگٹن میں چہلم کا یہ روائتی جلوس گزشتہ 25 برس سے اسی راستے پر نکالا جاتا ہے، جس کا اہتمام عموماً جعفریہ الائنس کرتا ہے۔ تاہم، اس بار جلوس کا اہتمام امامیہ ایسوسی ایشن واشنگٹن نے کیا تھا۔خصوصی پرمٹ پر نکالے گئے اس جلوس کے لئے پولیس نے خاص انتظامات کئے تھے اور ٹریفک کے لئے متبادل راستے اختیار کئے گئے۔جلوس کے شرکاء دہشت گردی میں ملوث داعش اور الشباب جیسی تنظیموں کے خلاف بھی بینر اٹھائے ہوئے تھے اور انتہاء پسندی کے خلاف نعرے بھی بلند کر رہے تھے۔چہلم کے اس جلوس کے بیشتر شرکاء اور منتظمین کا تعلق پاکستان سے تھا۔ لیکن، عراق کے شعیہ مسلمانوں کا ایک گروپ بھی نمایاں تھا جن کے نوحہ پڑھنے کا انداز ہی نرالا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں