حضرت امام حسین علیہ السلام نے باطل کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیا

حق ہمیشہ باطل پر غالب ہے اور فتح ہمیشہ حق کی ہوتی ہے۔

کربلا کی عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں: مشترکہ بیان

کمالیہ ( ایڈیٹر نئی آواز) سماجی و فلاحی شخصیت ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ ہمیں محرم الحرام میں ایک دوسرے کا خیال رکھنا چاہیے اور دوسرے کے جذبات مجروح نہیں کرنے چاہیے بلکہ محبت اور بھائی چارے سے ان ایام کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ مذید کہا کہ محرم الحرام اسلامی سال کا پہلا مہینہ ہے یکم محرم کو حضرت سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کی شہادت ہوئی اور اسی ماہ نواسہ رسول جگر گوشہ بتول حضرت سیدنا حسین علیہ السلام کی شہادت ہوئی۔ ہمیں اس ماہ میں صبر وتحمل اور آپسی بھائی چارے کو قائم رکھنا چاہیے۔ کسی کے جذبات کو مجروح نہیں کرنا بلکہ محبت کی فضاء قائم رکھنی ہے۔ محرم الحرام میں ہمیں آپس میں بھائی چارے اور اتحاد کو قائم رکھنے کی ضرورت ہے تا کہ کوئی دوسرا ہمارے درمیان تفرقہ بازی نہ کر جائے اور اپنے ناپاک ارادوں میں کامیاب نہ ہو سکے۔ اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ہر حال میں متحد رہیں اور بھائی چارے کی فضا قائم رکھیں۔ محمد عرفان صدیقی نے کہا کہ محرم الحرام کا مبارک مہینہ عبادت، ایثار، قربانی، صبروتحمل اور برداشت کا مہینہ ہے حضرت امام حسین علیہ السلام نے باطل کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیا۔ محرم الحرام کا مہینہ اپنی فضیلت و حرمت اور برکت کے لحاظ سے انفرادی اہمیت کا حامل ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام نے میدان کربلا میں شجاعت و بہادری کے وہ عظیم الشان تاریخ رقم کی ہے کہ جس کی کہیں کوئی مثال نہیں ملتی۔ کربلا سب سے بڑی درس گاہ ہے، کربلا کی عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ راحیل احمد نے کہا کہ شہادت امام حسین علیہ السلام ایک نظریہ کا نام ہے۔ امام حسین علیہ السلام نے کربلا کے میدان میں اپنے خاندان اور جانثار ساتھیوں کی قربانی پیش کر کے اس بات کو ثابت کیا کہ حق ہمیشہ باطل پر غالب ہے اور فتح ہمیشہ حق کی ہوتی ہے۔ اور اس بات کو ثابت کیا کہ طاقتور کے سامنے حق کو بیان کرنے سے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔ عمار صادق نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام نے اپنا سب کچھ قربان کر دیا مگر یزید کی بیعت کرنے سے منع کر دیا۔ امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار ساتھیوں کی شہادت ہمارے لیے ایک مشعل راہ ہے جس پر عمل کر کے ہم دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں