انسانی زندگی کی اصل معنویت اسی وقت آشکار ہوتی ہے جب وہ دوسروں کے لیے جینے کا ہنر سیکھ لے۔ دنیا میں بہت سے لوگ آتے ہیں، وقت گزار کر چلے جاتے ہیں، لیکن کچھ افراد ایسے ہوتے ہیں جو اپنے نقش چھوڑ جاتے ہیں، روشنی بانٹتے ہیں، اور اندھیروں میں امید کے چراغ جلاتے ہیں۔ لیفٹیننٹ کرنل (ر) طارق احسان علی خان انہی روشن کرداروں میں سے ایک ہیں۔ وہ ایک ایسے محب وطن، درد دل رکھنے والے، اور باعمل انسان ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کا ایک ایک لمحہ نہ صرف وطن کے دفاع میں گزارا بلکہ ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی باقی زندگی محروم انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کر دی۔
ان کے دل میں یہ خلش ہمیشہ رہی کہ ہمارا دیہی طبقہ، خصوصاً پسماندہ گاؤں اور بستیوں میں بسنے والے لوگ، بنیادی سہولیاتِ زندگی سے محروم ہیں۔ تعلیم، صحت، ہنر اور کفالت جیسی سہولیات جو شہروں میں باآسانی دستیاب ہیں، دیہی علاقوں میں ایک خواب کی مانند ہیں۔
تعلیم: کیئر فاؤنڈیشن سکول (کئیر ہائی سکول)
سن 2013 میں کرنل صاحب نے کیئر فاؤنڈیشن سے رابطہ کیا، جس کے نتیجے میں اپریل 2014 میں چک نمبر 118 شمالی ضلع سرگودھا میں ” کئیر ہائی سکول ” کے نام سے ایک معیاری تعلیمی ادارہ قائم کیا گیا۔ جبکہ زمین اور بنیادی سہولیات ZABMS فاؤنڈیشن کی طرف سے مہیا کی گئیں اس وقت یہ سکول کیئر فاؤنڈیشن کے انتظام و انصرام میں چل رہا ہے، سکول میں ساڑھے چار سو (450) کے قریب طلباء و طالبات جدید تعلیمی، اخلاقی اور فکری تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ یہ سکول ان بچوں کو وہ ماحول فراہم کرتا ہے جو عموماً مہنگے نجی اداروں میں دستیاب ہوتا ہے۔
صحت: فلاحی ہسپتال
نومبر 2014 میں، کرنل صاحب نے المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے تعاون سے اپنے والد، میجر (ر) محمد عثمان علی خان کے نام سے ایک فلاحی ہسپتال قائم کیا،اس کار خیر کے لئے بھی زمین اور بنیادی سہولیات ZABMS فاؤنڈیشن کی طرف سے مہیا کی گئیں جو اب مکمل طور پر المصطفیٰ ٹرسٹ کے زیرِ انتظام چل رہا ہے۔ اس ہسپتال میں عام علاج، لیبارٹری ٹیسٹ، ماں اور بچے کی صحت، دانتوں کا علاج اور ایمرجنسی سروسز مفت مہیا کی جاتی ہیں۔ ہر ماہ ہزاروں مریض یہاں شفا کی امید لے کر آتے ہیں۔
موبائل کلینک: صحت کی دہلیز پر فراہمی
اکتوبر 2016 سے، فاطمہ فرٹیلائزر کے تعاون سے ایک جدید موبائل کلینک کا آغاز کیا گیا۔ یہ کلینک 40 کلومیٹر کے دائرے میں مختلف دیہاتوں میں جا کر مریضوں کو ان کی دہلیز پر طبی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ ان افراد کے لیے جو ہسپتال نہیں پہنچ سکتے، یہ کلینک واقعی ایک نعمت سے کم نہیں۔
ہنر گھر: خواتین کے لیے خود انحصاری کا سفر
دسمبر 2017 میں المجتبیٰ ٹرسٹ کے تعاون سے، کرنل صاحب نے اپنے سسر، چوہدری عبدالعزیز اور ساس کے ایصالِ ثواب کے لیے ایک ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کا قیام عمل میں لایا۔ اس سینٹر کے لیے زمین ZABMS فاؤنڈیشن نے دی، جبکہ انتظامی امور المجتبیٰ ٹرسٹ دیکھ رہا ہے۔ یہاں سلائی، کڑھائی، کمپیوٹر، لیدر مصنوعات جیسے مختلف کورسز کے ذریعے خواتین میں خود اعتمادی، خود کفالت اور ہنر پیدا کیا جا رہا ہے۔
یتیم بچوں کی کفالت: ZABMS کا دردِ دل
ZABMS فاؤنڈیشن نے ایک اور عظیم قدم اٹھایا ہے۔ یتیم اور بے سہارا بچوں کے لیے رہائش، خوراک، لباس، تعلیم اور تربیت کے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔ یہ پراجیکٹ ZABMS فاؤنڈیشن کے زیر انتظام چل رہا ہے اور اس میں بچوں کی مکمل دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔ یہ اسلامی تعلیمات کا عملی نمونہ ہے۔
خاندان اور دوستوں کی شراکت
کرنل صاحب کی شریکِ حیات، بیٹیاں، عزیز و اقارب اور دوست احباب اس مشن میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔ کئی احباب بیرونِ ملک سے بھی تعاون کر رہے ہیں۔ سب نے اس مشن کو نہ صرف مالی امداد دی بلکہ اپنا وقت، تجربہ اور مشورے بھی دیے، جس سے یہ مشن ایک مستحکم اور مؤثر تحریک بن چکا ہے۔
لیفٹیننٹ کرنل (ر) طارق احسان علی خان کہتے ہیں:
“قومیں صرف حکومتوں سے نہیں، افراد کے کردار سے بنتی ہیں۔ اگر ہر فرد اپنی حیثیت کے مطابق معاشرے کی بہتری کے لیے قدم اٹھائے تو ہم بہت جلد ایک مثالی ریاست کی طرف بڑھ سکتے ہیں۔”
ZABMS فاؤنڈیشن صرف ایک فلاحی ادارہ نہیں، بلکہ ایک روشن خیال نظریہ ہے۔ یہ ان تمام افراد کی داستان ہے جو خود کو پسِ پشت ڈال کر دوسروں کی خدمت کو ترجیح دیتے ہیں۔ یہ فاؤنڈیشن اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ اگر نیت خالص ہو، ارادے مضبوط ہوں اور دل میں خدمت کا جذبہ ہو تو ترقی کی راہیں خود بخود روشن ہو جاتی ہیں۔
ایک دیا جو جلتا ہے، وہ ہزاروں چراغ روشن کر جاتا ہے۔ ZABMS فاؤنڈیشن اسی جلتے دیے کا نام ہے۔